ممبران کو پارلیمنٹ آنے سے روکنا آئین کی مخالفت ہے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اگر اپنے ممبران پہ یقین ہے تو پارلیمنٹ میں آنے پہ پاپندی کیوں لگا رہے ہیں۔ممبران کو پارلیمنٹ آنے سے روکنا آئین کی مخالفت ہے۔انشااللہ ممبران پارلیمنٹ بھی آئیں گے اور آپ کو ووٹ بھی نہیں دیں گے۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دستورمیں درج طریقہ کار کو روکنے کے لئے طاقت یا غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کرنے والا آئین شکنی کا مرتکب ہوگا۔آئین شکنی دستور کے آرٹیکل 6 کے تحت ہائی ٹریژن یعنی بغاوت کا جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات ، ڈرانے دھمکانے، رکاوٹیں کھڑی کرکے اسمبلی تک نہ پہنچنے دینا آئین شکنی کے زمرے میں آتا ہے ۔ان اقدامات کا ارتکاب کرنے والوں کو آئین میں درج سزا کی شکل میں اپنی دستور شکنی کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔