جہلم (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اورسابق حکمرا ں جماعتیں جمہوریت کی آڑمیں محلاتی سازشوں کا کھیل کھیل رہی ہیں ۔
جہلم اور چکوال میں عوامی دھرنوں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کہا ہے کہ سیاست، پارلیمنٹ اور آئینی نظام خطرناک گرداب میں گھرا ہوا ہے،پی ٹی آئی اور سابق حکمران جماعتیں جمہوریت کی آڑ میں مفادات کی آمرانہ اور محلاتی سازشوں کا کھیل کھیل رہی ہیں،عدم اعتماد تحریک اپوزیشن اعتوں کا آئینی جمہوری حق ہے،عمران خان نے شائستگی اور جمہوری رویے سے سامنا کرنے کی بجائے ہیجان اور گھبراہٹ کی کیفیت پیدا کردی ہے ،اپوزیشن جماعتوں کی عدم اعتماد تحریک کی کامیابی کے لیے پس پردہ محرکات مشکوک ہوتی جارہی ہیں،جمہوریت کی دعویدار قوتیں تسلیم کرلیں کہ اب یہ کھیل نہیں چل سکتا، نئے مینڈیٹ کے لیے عوام سے رجوع کیا جائے، یہ ہی آئینی، جمہوری پائیدار راستہ ہے ،مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ عوام عزت و وقار کی روٹی چاہتے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے ادسیاہ، بھوربن اور آغوش مری میں تقاریب سے خطاب کیا اور موہڑہ میں پیر ہارون الرشید نظیر مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ سے وابستہ ہے، قرآن و سنت سے متصادم نظام اور دینی مسلکی بنیادوں پر خطرناک تقسیم مستقبل کی نسلوں کے لیے تباہ کن ہے ،پیران کرام نے ہمیشہ امت میں محبت، برداشت اور دین کی لگن کا پیغام عام کیا ہے،پیرہارون الرشید نظیر کی خدمات تادیر دلوں میں آباد رہیں گی ،مساجد، مدارس، خانقاہوں اور غلبہ دین کی خدمت کرنے والوں میں اتحاد، اتفاق امت مسلمہ اور اسلامیان پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔
لیاقت بلوچ نے مری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین حل کرنے میں بغض، تعصب اور جانبداری سے کام لے رہی ہے،افغانستان میں عوام اور طالبان کی عظیم فتح کو دیوار سے لگانے کے لیے اسلام دشمن قوتیں سازشوں کیساتھ ایک پیج پر ہیں،بحر اسود پر قبضہ کے لیے روس اور یوکرائن کی جنگ پوری دنیا کو نئے مسائل سے دوچار کررہی ہے،امریکہ اور مغرب کا دوہرا معیار بے نقاب ہوگیا ، جنگ، دھونس، بم، باروددنیا میں امن نہیں تباہی کا باعث ہیں،عالمی قوتوں کے مقابلہ میں پوری امت، عالم اسلام کو اپنی ترجیحات پر مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا۔