اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سے قبل ہی حکومت کی 2 بڑی اتحادی جماعتیں عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ ق آمنے سامنے آ گئیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مسلم لیگ ق کا نام لئے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 5 سیٹوں والے پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے بلیک میل کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما ء اور وفاقی وزیرمونس الہی نے شیخ رشید کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید بھول گئے وہ ہمارے لیڈروں سے پیسے لیا کرتے تھے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مونس الہی نے شیخ رشید کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے آپ اپنی زمانہ طالب علمی میں پیسے لیا کرتے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کی طرح نہیں کہ 5 سیٹوں پر صوبے کی وزارت اعلی کے لیے بلیک میل کریں۔