پشاور۔۔پاکستان کے تصور اور نقشے کی تخلیق میں وکلاء نے بانیان کا کردار ادا کیا ہے،سینیٹر مشتاق احمد خان


پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال دونوں قانون دان تھے۔ پاکستان کے تصور اور نقشے کی تخلیق میں وکلاء نے بانیان کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ کردار تقاضا کرتا ہے کہ وکلاء کو غافل نہیں ہونا اسی طرح اس ملک کی حفاظت کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا لیکن قیادت کے فقدان اور اقتدار کی حرص رکھنے والوں نے اس ملک میں اسلام کا نظام نافذ نہیں ہونے دیا۔ ملک پر چینی، آٹا، گھی، پٹرول اور ڈیزل مافیا کا قبضہ ہے۔ ان لوگوں کی وجہ سے پاکستان مسائل اور مشکلات کا شکار ہے۔ وکلاء نے نظریہ ضرورت کے تحت فیصلہ کرنے والوں کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی، آئین و قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کے قیام کی جد و جہد میں وکلاء جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جوڈیشل کمپلیکس صوابی میں اسلامک لائرز مومنٹ ضلع صوابی کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں اسلامک لائرز مومنٹ خیبر پختونخوا کے صدر  ملک اعجاز خان، صدر ڈسٹرکٹ بار ملک دانیال خان، سیکرٹری جنرل ڈسٹرکٹ بار طیب زمان خان، ممبر بار کونسل صوابی سید مبشر شاہ بھی شریک تھے۔

تقریب میں مکرم سید ایڈوکیٹ نے اسلامک لائرز مومنٹ ضلع صوابی کے صدر، خورشید خان نے سیکرٹری جنرل، کوثر نیازی نے نائب صدر، میاں شجاعت علی جائنٹ سیکرٹری، سید محمد فنانس اور عامر اختر نے سیکرٹری اطلاعات کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک قرضوں سے نہیں چلتے۔ اہل قیادت قوموں کو خود انحصاری کی منزل کی جانب لے کر جاتی ہے۔ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفادات میں ٹکراؤ ہے۔ ہمارے حکمرانوں کے قول و فعل میں بھی تضاد ہے۔ وزیراعظم جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں۔ ان کی کرپشن کے خلاف مہم جوئی کے وعدے کو ہی دیکھ لیجیے۔ ملک آج بھی اس سرطان کی جکڑ میں ہے۔ باتیں مدینہ کی ریاست کی کرتے ہیں مگر آج بھی سودی معیشت اور شعائر اسلام سے متصادم قانون سازی ہورہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وکلاء نے جنرل مشرف جیسے آمر وقت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ آمریت کے خلاف وکلاء کی تحریک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔