کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر 


کراچی(صباح نیوز) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ۔

ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی)کے مطابق کراچی میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا جس کے باعث کراچی کی فضاء میں آلودہ ذرات کی مقدار 176 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں کویت شہر آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا ۔

درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے،201 سے 300درجے تک آلودگی  انتہائی مضر صحت ہے۔واضح رہے کہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے، ماہرین صحت نے سانس اور دمہ کے مریضوں کو احتیاط کی ہدایت دی ہے۔

فضائی آلودگی ہوا میں موجود وہ مادے یا ذرات ہوتے ہیں جو کہ انسانی سرگرمیوں کی بدولت فضا کا حصہ بنتے ہیں۔فضائی آلودگی گیسوں کی زیادتی، زہریلی گیسوں، تابکاری شعاعوں، کیمیائی مادوں، ٹھوس ذرات، مائع قطرات، گرد و غبار اور دھویں وغیرہ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور یہ انسانی صحت اور ماحول دونوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں ۔

تازہ ترین اپڈیٹ کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 20.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج شہر میں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی ہوا چل رہی ہے، مطلع صاف رہے گا تاہم  بارش کا کوئی امکان نہیں۔