جموں:مقبوضہ کشمیر کے 96 کشمیری حریت پسند قیدیوں کو ہریانہ، نئی دہلی اور اتر پردیش کی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔
کے پی آئی کے مطابق ان میں سے زیادہ تر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت کوٹ بھلوال جیل میں قید تھے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق ان میں سے 56 قیدیوں کو بھارتی فوج نے مختلف کارروائیوں میں گرفتار کیا تھا انہیں کوٹ بھلوال جیل میں رکھا گیا تھا۔ں و کشمیر کی دیگر جیلوں بشمول سینٹرل جیل سری نگرمیں قید40 کشمیریوں کو بھی ہریانہ، نئی دہلی اور اتر پردیش کی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا۔
اخبار کے مطابق کوٹ بھلوال جیل میں850 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ 1100 قیدیوں کو رکھا گیا تھا۔سنٹرل جیل سری نگر اور ڈسٹرکٹ جیل پونچھ سے دو دو قیدیوں کو بھی ہریانہ منتقل کیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے قیدیوں کی ایک اور فہرست مرتب کی ہے جن کو جلد ہی بھارتی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔ بھارتی ریاستوں میں منتقل کیے جانے والے قیدی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید ہیں ان کو عدالتوں میں پیش کرنے اور کیس چلانے کی پابندی بھی نہیں ہے۔
پبلک سیفٹی ایکٹ قانون کے تحت کوئی بھی پولیس اہلکار کسی بھی شہری کو گھر یا باہر سے محض شک کی بنیاد پر گرفتار کر سکتا ہے اور گرفتار کیے گئے شہری کے اہل خانہ کو اطلاع نہیں دی جاتی نہ ہی اسے قانونی امداد حاصل کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔پی ایس اے کے تحت بغیر عدالتی سماعت کے کم سے کم دو سال تک کسی کو بھی بلا لحاظ عمر قید کیا جا سکتا ہے۔