سری نگر: جنوبی اور شمالی کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوان شہید اورمشہور اسلامی درس گاہ دارلعلوم شیخ العالم کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے ۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے پلوامہ میں دارلعلوم کی کھڑکیاں اور دروازے پوری طرح تباہ ہوگئے جبکہ دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔دارلعلوم پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے ۔
کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت نےگزشتہ شب کو پلوامہ، گاندربل اور ہندواڑہ کے علاقوں میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔ بھارتی فوجی آپریشن میں پلوامہ میں دو،، گاندربل اور ہندواڑہ میں ایک ایک نوجوان شہید ہوگیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ شب کو کم از کم پانچ مقامات پر فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کامشترکہ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران پلوامہ میں جیش کے دو عسکریت پسند، گاندربل میں لشکر کا ایک عسکریت پسند اور لشکر کا ایک عسکریت پسند ہندواڑہ میں مارا گیا ہے۔ ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
“پلوامہ میں کمانڈر کمال بھائی عرف جٹ مارا گیا ہے ۔کمال 2018 سے پلوامہ شوپیان علاقے میں سرگرم تھا ۔ فوجی کارروائی کے دوران چیواکلان پلوامہ کے ایک شخص ظہور احمد شیرگوجری کو گولی لگی ہے اور اسے ضلع ہسپتال پلوامہ میں داخل کرایا گیا ہے۔انتظامیہ نے انٹرنیٹ اورموبائل سروس معطل کردی ہیں جبکہ فوجی آپریشن جاری تھے ۔