اورسیز کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے بے مثال کردار ادا کیا،ڈاکٹر خالد محمود خان


اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ اورسیز کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے بے مثال کردار ادا کیا ،برطانیہ میں خاص کر تحریک کشمیر برطانیہ نے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو بھرپور انداز سے ایوانوں تک پہنچانے کا اہتمام کیا تارکین وطن تحریک آزادی کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں ،مغربی ممالک میں جو اچھی روایات ہیں ان کو بھی یہاں لائیں ،آزاد خطے کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کریں

ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد آزاد اور یوکے اسلامک مشن کے ریلیف انچارج محمد غفران کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر مرکزی نائب امراء نورالباری،راجہ جہانگیر خان،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان سمیت دیگر قائدین موجود تھے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مغربی ممالک میں کشمیری نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی جائے جو وہاں ہی پلے بڑھے ہیں ان کو تحریک آزادی کشمیر اور آزاد خطے سے وابستہ رکھنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے

انہوں نے کہاکہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کی نسل میں ملوث بھارتی آرمی چیف اور بھارتی وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جو تحریک کشمیر برطانیہ کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے ہندوستان کے مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں حکومت پاکستان آگے بڑھ کر کردار ادا کرے تا کہ تحریک آزادی کشمیر کامیابی کی منزل سے ہمکنار ہو ۔