لندن (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔ نواز شریف اور علیم خان کی ملاقات گزشتہ بدھ کو ساڑھے چھ بجے ہوئی جو تقریبا تین گھنٹے جاری رہی۔اس حوالے سے علیم خان کے انتہائی قریبی ذرائع نے تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی طویل ملاقات میں سیاسی امور پر مشاورت کی گئی، علیم خان نے پنجاب میں وزیراعلی عثمان بزدار کی بیڈ گورننس کے حوالے سے نوازشریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جب کہ نواز شریف نے سیاسی رہنما کی حیثیت سے علیم خان کے کردار کو سراہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کی مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا امکان ہے ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان نے لندن آنے سے قبل شہباز شریف سے بھی لاہور میں ملاقات کی تھی۔
ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان مسلم لیگ(ن)میں باضابطہ شمولیت اختیار نہیں کریں گے، تحریک انصاف میں ہم خیال گروپ کی قیادت کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق علیم خان کی ملاقات میں ن لیگ پنجاب کے صدرراناثنااللہ کااہم کردارہے۔