عمران فاروق قتل کیس، تینوں مجرموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں مسترد


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے تینوں مجرموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں۔

عدالت نے خالد شمیم ،محسن علی اور معظم علی خان کی عمر قید اور10،10لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں برقراررکھیں۔

اپیلوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامرفاروق نے فیصلہ سنایا۔تینوں مجرموں کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سزائیں سنائی گئی تھیں جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ڈاکٹر عمران فاروق کو 16ستمبر2010کو لندن میں قتل کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں قراردیاہے کہ ا ستغاثہ کی جانب سے جو شواہد پیش کئے گئے اور انسداد دہشت گردی کی جانب سے مجرموں کو جو عمر قید اور 10،10لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائیں وہ بالکل درست تھیں اور مجرموں کی سزا کے خلاف اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔

عدالت نے قراردیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جو فیصلہ سنایا ہے وہ قانون اور شہادتوں کی روشنی میں سنایا ہے،اس میں کوئی قانونی نقائص نہیں ہیں لہذامجرموں کی اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔عدالت نے قراردیا ہے کہ مجرمان کسی رحم کے مستحق نہیں ہیں۔