عدم اعتماد پر ووٹ دینے والے کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی، بابر اعوان


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد پر ووٹ دینے والے کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی، وزیراعظم کے خلاف یہ مہم بغیر کسی شک کے بیرونی طاقتوں کی ایما پر شروع ہوئی ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر کسی حکومتی رکن نے ووٹ دیا تو نہ صرف اسے پارٹی سے نکالا جائے گا بلکہ اس کی اسمبلی رکنیت بھی ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل اے کے تحت اگر کوئی رکن اسمبلی بجٹ کی منظوری یا عدم اعتماد کے وقت دوسری پارٹی کے حق میں ووٹ دے تو اس کی رکنیت ختم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے بھی ناکام ہو چکی ہے اور اب بھی ناکام ہو گی۔

قاسم سوری کے معاملے پر اپوزیشن والوں نے مجھ سے کہا فیس سیونگ دیں۔ ہم نے کہا یہ آئینی معاملہ ہے، ایسا اب ممکن نہیں جس پر انہیں تحریک واپس لینا پڑی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف یہ مہم بغیر کسی شک کے بیرونی طاقتوں کی ایما پر شروع ہوئی۔ وزیراعظم کے مغرب کو اڈوں سے متعلق انکار پر یہ سلسلہ شروع ہوا۔ مہم اپوزیشن کے وہ لوگ چلا رہے ہیں جن کے اثاثے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سینیٹ ہو یا دویگر معاملات، ہر بار اپوزیشن کو شکست دی ہے۔پی ٹی آئی والے سب متحد ہیں اور اس بار بھی اپوزیشن کو ہرائیں گے جو لوگ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ نہیں دیکھنا چاہتے، وہ ابھی مزید انتظار کریں۔