سارا سال میں عورتوں کا دن بھر پور طریقے سے مناتا ہوں۔ چار میری بیٹیاں ہیں ایک بیوی دو بھتیجیاں ایک بھابھی، ایک بہن اور دو بھانجیاں، پھر یہ سلسلہ اور آگے چل پڑتا ہے سسرالی فیملی، کزنز اور انکی بیٹیاں۔
میں تواکثرکہتا ہوں ہمارے گھر کابہت زنانہ ماحول ہے جہاں پر عورتوں کیلئے کوئی خطرہ نہیں۔ سارا سال پارٹی چلتی ہے کسی نا کسی کی سالگرہ، رزلٹ اور پارٹی شروع۔
ساری زندگی خدمت میں ہی گزر گئی نتیجہ یہ نکلا کہ اب میرا جگر بھی زنانہ ہے جوکہ میری بیٹی نے مجھے گفٹ کیا ہے ۔ نئی زندگی جو ملی ہے وہ مزید عورتوں کے نام ہے۔
ہماری شادی کو23 سال ہونے کو آئے ہیں شائد ہی ہم اتنا اکٹھے رہے ہوں جتنا پچھلے چار ماہ سے ساتھ ہیں۔
جگر ٹرانسپلانٹ کے بعد ڈاکٹر انفیکشن سے بچانے کیلئے آئسولیشن تجویز کرتے ہیں۔ آئسولیشن کا مطلب ہے اکیلے رہنا اور دنیا سے دور رہنا پر ہماری دنیا تو ساتھ ساتھ ہے، مزہدار بات یہ ہے کہ میری زندگی کی ساتھی میری شریک حیات میری آئسولیشن پارٹنر بھی ہے۔ ہم دونوں 24/7 ساتھ ہوتے ہیں۔ عورت کو سمجھنے کیلئے اور اس کے اندر اللہ نے جو خدمت اور محبت کا جذبہ رکھ چھوڑا ہے شاید اس سے پہلے میں نہیں سمجھ سکا تھا۔
یہ عورت ہی ہے جو مختلف روپ میں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہتی ہے کبھی ماں بن کر، کبھی بہن بن کر، کبھی بیوی بن کر، کبھی بیٹی بن کر، کبھی بھابھی بن کر۔ کبھی دوست بن کر اللہ نے اس کا ہر روپ سندر بنایا ہے۔
اظہر کیا بات ہے، اظہر پانی پینا ہے، اظہر دوائی کا وقت یوگیا، اظہر ناشتے کا وقت ہوگیا، اظہر نہا لیں، اظہر واک کرنے چلیں، اظہر نماز کا وقت ہوگیا، اظہر اظہر اظہر میں حیران ہوں کہ ایک ایک چیز اس کو یاد یے کچھ نہیں بھولتی، ہر چیز وقت پر، الحمد لله
میری صحت مند زندگی کیلئے بہت سے ہاتھ دعا کیلئے اٹھے اور میرے ساتھ بھی کھڑے ہوئے۔ مجھے اٹھنے میں دقت محسوس ہوتی تھی میرا بھائی اور میری بیوی روزانہ میرے ساتھ ڈیوٹی کرتے تھے۔ میرے آس پاس موجود رہتے تھے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کیسے انکا شکریہ ادا کروں۔ میری بھتیجی وسیم بھائی کی بیٹی کے ہاتھ کی چائے مجھے بہت پسند ہے ۔ اظہر انکل فورا بتا دیا کریں جب بھی بتانے کیلئے فون کرتا ہوں وہ اس سے پہلے چائے لئے دروازے پر ہوتی ہے،انکل ٹائم ہوگیا تھا، اس کی اماں میری بھابھی بھی ہے اور بھانجی بھی سارا دن طرح طرح کے کھانے بناتی رہتی ہے ، میں اکثر کہتا ہوں باجی ایک کھانا بنا لیا کریں ۔ اگے جواب آتا ہے ایک تو بتاتے نہیں ہو کھانا کیا ہے اوپرسے ایسی باتیں نہ کیا کر میرا بھائی۔ میری ماں جیسی بڑی بہن جو ہر وقت میری نگرانی کرتی ہے کوئی اس کے کمرے کی طرف مت جائے۔ جوجو مجھے کھانے میں پسند ہے ہر وقت موجود رکھتی ہیں،شوگر فری بسکٹ، کیک، چاکلیٹ، ٹافیاں ڈرائی فروٹ پتہ نہیں کیا کیا۔ یہ عورت بھی کمال کی مخلوق ہے رب باری تعالی کا شکر ہے جس نے اس نعمت سے نوازا۔
جو ان رشتوں کی قدر نہیں کرتے بیچارے وہ لوگ ہیں جن کوان رشتوں کی قدر کاانداہ نہیں ہے۔
جگر ٹرانسپلانٹ کیلئے ڈونر سب سے بڑا ایشو ہوتا ہے اور میرے پاس اتنی ڈونرز تھیں کہ کئی ناراض ہیں ۔تین ڈونر تو،میری بڑی بیٹیاں ہی تھیں۔ سب سے بڑی کا ہی میچ کرگیا اور وہ میری ڈونر بن گئی ہوش میں آتے ہی پوچھتی ہے میرے بابا کیسے ہیں ،ایک دن آئی سی یو میں بیہوش ہوگئی تو سٹاف سے درخواست کی میرے بابا کونہ پتہ چلے وہ بہت پریشان ہوں گے،یار یہ کیسی خوبصورت مخلوق ہے میرے رب کی۔ تین دن کیلئے باقی تین بھی اسلام آباد سے لاہور دیکھنے آئیں دروازے میں کرسیاں رکھ کر دور سے دیکھتی رہتی تھیں۔
پتہ نہی کون لوگ ہیں جن کیلئے عورت مارچ کی ضرورت پڑتی ہے، جیسے کسی ایک عورت کی حکومت ہٹانے کیلئے باقی خواتین مارچ کر رہی ہیں جیسے کہ اپوزیشن آجکل مارچ مارچ کر رہی ہے ، شایدمارچ کانام ہی مارچ اس لئے ہے کہ اس میں مارچ بہت ہوتے ہیں 31 دن مارچ کے ہر روز مارچ کبھی عورت مارچ کبھی 23 مارچ کبھی پیپلز پارٹی کا مارچ کبھی تحریک انصاف کامارچ، کبھی مسلم لیگ کا مارچ اور سب سے مشکل دن 31 مارچ کاجس دن سب سے زیادہ دعائیں کی جاتیں ہیں اور کم ہی قبول ہوتی ہیں وہ ہے بچوں کے رزلٹ کا دن ۔ شکر الحمدللہ وہ تو بہت محنت سے دن بدل گیا ہے باقی مارچ کے سارے مارچ جاری ہیں۔ کبھی فوجی مارچ اور کبھی سیاسی مارچ۔
مرد مختلف روپ میں سارا سال عورتوں کیلئے مارچ کرتے ہیں تاکہ وہ سب سہولت میں رہیں اور ان کے حقوق بروقت انکو مل سکیں۔ پھر ایک دن عورتیں یہ مارچ کرکے سمجھتی ہیں کہ مردوں کا 364 دن کا مارچ ان کے لئے کسی کام کا نہیں تھا۔ آج میانوالی میں 8 مارچ کو اس سات دن کی بچی کا جنازہ ہے جو یکم مارچ کو پیدا ہوئی اس کے ظالم باپ نے اس کو قتل کردیا۔ مارچ کرنا ہے تو اس کے ظالم باپ کے خلاف کرتے ہیں ۔ جو زمانہ جاہلیت میں ابھی بھی رہتا ہے۔ کل جب اس کو جگر کی ضرورت پڑے گی تو وہ خود بھی مرجائے گا کیونکہ اپنا جگر تو وہ اپنے ہاتھوں قتل کے بعد دفنا چکا۔
عورت کے حقوق ادا کیجئے، اسکا احترام کیجئے۔ میرا رہتی دنیا تک کی سب خواتین کو سلام۔