حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ملک میں عجیب تماشا برپا ہے، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ملک میں عجیب تماشا برپا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جماعت اسلامی عوامی مفادات کا تحفظ کرے گی۔ وہ منصورہ میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

اجلاس میں کشمیری اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کے پیش نظر نہیں ہے۔ حکومت نااہل اور مسائل حل نہیں کر سکتی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ عرصہ میں غلطی پر غلطی کی اور ان کی نااہلیوں کا سلسلہ کہیں ختم ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ حکومت پونے چار سال میں عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں کر سکی، ان حکمرانوں کو گھر جانا چاہیے۔ ملک کو عوام کی طرف سے نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے جس کا آئین پاکستان میں طریقہ کار موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ فوجی و سیاسی حکومتوں نے ملک کے اداروں کو تباہ کیا، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ حکومت کے کریڈٹ پر سوائے بیوروکریسی میں تبدیلیوں کے اور کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ ، خوشحالی اور ملکی مفادات کے لیے ہم پروگراموں اور تربیت گاہوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔