خواتین کے مسائل کا حل اور حقو ق کی فراہمی محض ایک دن کو خواتین سے منسوب کرنے سے ممکن نہیں، الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور


لاہور(  صباح نیوز)خواتین  کے مسائل کو حل اور حقو ق کی فراہمی محض ایک دن کو خواتین سے منسوب کرکے ممکن نہیں ہے،اس مقصد کے حصول کے لئے اسلامی نظام زندگی کے تحت حقوق و فرائض کی ادائیگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ہمیں قوم کو خدمت انسانیت کے جذبے کے ساتھ ساتھ خود کفالت کے نظام کی طرف بھی لے جانا ہوگا تاکہ من جملہ قوم ہم اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں.

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ مذاکرہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء نے کیا ۔مذاکرہ میں مختلف سماجی تنظیموں کی نمائندگان روبینہ شکیل،ام کلثوم ،فرحت اسلم ،فاخرہ ،تسنیم کوثر،ادیبہ و دیگر سمیت الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی ذمہ داران صبا ثاقب، صائمہ شبیر، زرافشاں فرحین اور عظمی محمد علی طلعت نے بھی شرکت کی ۔

شرکاء نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے مسائل کے حل اور انہیں حقوق کی فراہمی کے لئے ہزاروں خواتین بھر پور جوش و جذبہ سے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے نام سے ایک دن کو منسوب کر دینے اور نعروں یا مارچ سے خواتین کے مسائل حل اور حقوق فراہم نہیں کئے جا سکتے۔اس کے لئے جہد مسلسل کے ضرورت ہے۔انہوں کہا کہ اسلام واحد دین ہے جس نے خواتین کو نہ صرف تحفظ بلکہ مکمل حقوق بھی فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام زندگی سے متعلق آگاہی فراہم کر کے یہ مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ہمیں  آگاہی پروگرامز رکھنے اور قوم کو خدمت انسانیت کے جذبے کے ساتھ ساتھ خود کفالت کے نظام کی طرف بھی لے جانا ہوگا تاکہ من جملہ قوم ہم اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔