شہبازشریف کی سابق صدر رفیق تارڑ کی رہائش گاہ آمد،اہل خانہ سے تعزیت کی


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اوروقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف کی سابق صدر رفیق تارڑ کی رہائش گاہ آمد۔ شہباز شریف نے محمد رفیق تارڑ کی وفات پرمحمد افضل تارڑ، سائرہ افضل تارڑ، عطاء اللہ تارڑ ایڈووکیٹ ، بلال تارڑ اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی۔جبکہ  پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شر یف نے کہا ہے کہ سابق صدر محمد رفیق تارڑ کی وفات ہمارے لیے ایک ذاتی صدمہ ہے۔ان کی آئین، قانون اور جمہوریت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کے باوفا دوست اور ساتھی ہونے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ کے لیے سیاسی پیشوا کی حیثیت بھی رکھتے تھے۔ اللہ تعالی انکے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔جبکہ قومی اسمبلی میں (ن)لیگ کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے بھی سابق صدر محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خواجہ آصف کا سوشل میڈیا پر جاری اپنے میں کہنا تھا ، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم انتہائی دیانتدار، شریف النفس اورحق گوانسان تھے۔اس دور کے نمائندہ تھے جب ھمارے معاشرے میں یہ خوبیاں پائی جاتی تھیں۔انصاف اورصدارت دونوں کرسیوں پہ نام کمایا اور عہدوں کی عزت میں اضافہ کیا۔اللہ غریق رحمت کرے اور اہل خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔۔