قوم قرضوں کے بوجھ تلے دب گئی ہے،نوجوانوں کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ امیرالعظیم


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ سندھ کے عیار اور لندن کے بیمار تحریک عدم اعتماد کا ناٹک رچانے کیلئے تیار ہیں اور تبدیلی سرکار کا چہرہ پارٹیاں بدلنے اور لوٹے بننے والے چالیس چوروں کے دھبوں سے داغدار ہے،

جماعت اسلامی ڈیرہ غازی خان کے زیرِ اہتمام مہنگائی بیروزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ریلی اور ٹریفک چوک پر دیئے گئے دھرنے کے مرد و خواتین شرکاء سے اپنے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ قوم امریکہ کے حاشیہ برداروں کو پہچان لیں،رنگ برنگے منشور اور خوش نما نعروں پر نہ جائے بلکہ نظریہ اخلاق اور کردار کی بنیاد پر اپنی قیادت کا انتخاب کرے،

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا تو بیلٹ بکس سے جمہوریت نہیں بلکہ بچہ جمورا نکلے گا،عدالتوں میں کیسوں کے نہیں بریف کیسوں کے فیصلے ہوتے رہیں گے،قوم کو ٹھنڈی ہواؤں کی بجائے وباؤں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ مہنگائی اور بیروزگاری کے سانپ نے ہر شہری کو گھائل کردیا ہے۔انہوں نے کہاقوم قرضوں کے بوجھ تلے دب گئی،نوجوانوں کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں ،

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں گزشتہ ایک ہفتے سے پینے کا پانی بند ہے،گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہیں،خواتین اور بچے اذیت سے دوچار ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ممبر مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میںغازی یونیورسٹی میں آن لائن اور فزیکل کلاسز کے کھیل نے تعلیم کو کھیل بنادیا ہے،بھاری فیسوں کی وصولی جاری ہے لیکن اساتذہ،سہولیات،کلاس رومز اور لیبارٹریز میں ضروری سامان موجود نہیں ہے،ہاسٹل میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث بچوں کا تعلیم کا نقصان ہورہاہے،

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے میڈیکل کالج میں طلبہ و طالبات کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے،صدیق آباد کالونی کے مکینوں کو راستہ دینے کے دعوے اور وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ،ایئرپورٹ بند ہے اور ریلوے اسٹیشن پر اْلو بول رہے ہیں ،سیمنٹ کمپنی کے ملازمین کو اولڈ ایج بینیفٹ ڈپارٹمنٹ نے ان کے الاونس سے محروم کرکے سخت زیادتی کی ہے،شیخ عثمان فاروق نے کہا کہ تونسہ کو ضلع بنانے کے دعویدار وزیر اعلیٰ کب اپنا وعدہ پورا کریں گے اور کب جنوبی پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔