ملک پر بزدل اور نااہل حکمران مسلط ہیں،ظالم حکمران کرونا کے لیے مختص بجٹ بھی کھا گئے،سراج الحق


فیصل آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر بزدل اور نااہل حکمران مسلط ہیں۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے مل کر آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق عوام کی گردنوں میں ڈال دیا۔ وزیراعظم کی تقاریر کا سکرپٹ لکھنے والے بھی تھک چکے ہیں۔ ظالم حکمران کرونا کے لیے مختص بجٹ بھی کھا گئے۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہو گئی، لاقانونیت اور غربت میں ہر آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی ڈکٹیشن پر قوانین بنانے کے باوجود ملک اب تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے۔ اوپر سے حکم آتا ہے کہ اشیائے خوردونوش، پٹرول، بجلی کی قیمتیں بڑھا دو، ہمارے حکمران سمری پر دستخط کر دیتے ہیں۔ غیور پاکستانیوں کے مجرم ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ کے کہنے پر چھوڑ دیا گیا اور پاکستان کی بیٹی عافیہ امریکہ کی جیل میںسالہاسال سے قید ہے۔ ملک پر حملہ کرنے والے ابی نندن کو بہتر گھنٹوں میں باعزت طریقے سے بھارت کے حوالے کردیا گیا اور کشمیر یوں پر بدترین بھارتی مظالم جاری ہیں۔ ہمارے حکمران طبقہ کی آپسی لڑائی عوام کے لیے نہیں اقتدار کے لیے ہیں۔ یہ لوگ قوم کو جھوٹے بہلاوے دے کر اقتدار پر قابض ہوتے ہیں اور بعد میں ملکی مفادات کے تحفظ کی بجائے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے دن رات ایک کردیتے ہیں۔ اب پھر تینوں جماعتیں آپس میں دست و گریبان ہیں، کوئی کہتا ہے اس کو سپیکر بنادو، دوسرا کہتا ہے اس کو صدر اور وزیراعظم بنا دو۔ ملک کے وارث بائیس کروڑ عوام ہیں، فیصلہ کے لیے عوام سے رجوع کیا جائے۔ کسی غیر قانونی اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے شفاف انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔ عوام بزدل، آزمائے ہوئے نااہل حکمرانوں کو مسترد کریں اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا انتخاب کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں عوامی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین اور سٹیج پر موجود اہم قائدین میںامیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی مولانا جاوید قصوری، نائب امیر پنجاب وسطی سردار ظفر حسین خان، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر ضلع فیصل آباد محبوب الزماں بٹ، صدر جے یوتھ زبیر گوندل، صدر این ایل ایف شمس الرحمن سواتی، سابق صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد رانا سکندر اعظم خان اور صدر بار فیصل آباد بلال اشرف بسرا شامل تھے۔ دھرنے میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف نعرے لگائے اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ فیصل آباد کا دھرنا جماعت اسلامی کی مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی کے خلاف جاری ایک سو ایک دھرنوں کی تحریک کی کڑی تھا۔ امیر جماعت جمعہ کو سکھر اور جمعرات کو ٹنڈو اللہ یار بلوچستان میں بڑے دھرنوں سے خطاب کرکے فیصل آباد پہنچے تھے۔ سراج الحق نے ایک دفعہ پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اشیائے خوردونوش اور پٹرول کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی جائے اور بجلی اور گیس کا ٹیرف بھی پچاس فیصد کم ہو۔ وزیراعظم اپنے وعدے کے مطابق نوجوانوں کو روزگار دیں اور کرپشن کا خاتمہ کریں۔ ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے کرنے والے سودی معیشت کو ختم کرنے کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے عوامی مطالبات پورے نہ کیے تو اسلام آباد کی جانب فیصلہ کن مارچ ہوگا جس کا اعلان وہ بہت جلد خود کریں گے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں کشمیر کا سودا ہوا۔ حکومت نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے۔ حکومت نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے احکامات پر ملکی خود مختاری کا سودا کیا۔ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے ہر موقع ہر پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔ تینوں کی نورا کشتی واضح ہوچکی۔ عوام تینوں کو پہچان چکے ہیں اور اب وہ ملک میں اسلامی انقلاب چاہتے ہیں۔ پرامن اسلامی انقلاب ہی ملک کے مسائل کا حل ہے اور یہ جماعت اسلامی ہی ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی نظام دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اب ایک موقع جماعت اسلامی کو دینا چاہتی ہے، سٹیٹس کو کے علمبردار اور استعمار کے وفادار جماعت اسلامی کا راستہ نہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی عدالتوں، تعلیمی اداروں اور ایوانوں میں قرآن و سنت کا نظام لائے گی، سودی معیشت کا خاتمہ کریں گے، بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار دیں گے، سودی معیشت کا خاتمہ کرکے ملک کے وسائل عوام پر خرچ کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی احتساب کا کڑا نظام متعارف کروائے گی اور بے زمینوں کو سرکاری زمینیں دی جائیں گی۔ ملک کے کاشتکاروں اور تاجروں کو مضبوط کریں گے اور اللہ کی سرزمین پر اللہ کے نظام کے تحت فیصلے ہوں گے۔

دریں اثناامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ ڈائریکٹر نیوز(ایمنڈ) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ ملک میں آزادی صحافت اور صحافی برادر ی کے حقوق کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

منصورہ سے جاری بیان میں سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر قائدین نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ ڈائریکٹرز نیوز (ایمنڈ) کے نو منتخب صدر اظہر عباس، سینئر نائب صدر ایاز خان، نائب صدر عماد یوسف، جنرل سیکرٹری حافظ طارق محمود، جوائنٹ سیکرٹریز محمد عثمان، میاں طاہر اور سیکرٹری شہاب محمود اور دیگر قائدین کومبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔