سینئر اداکار مسعود اختر انتقال کر گئے


لاہور(صباح نیوز) سینئراداکار مسعود اختر طویل علالت کے بعد 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

اداکارمسعود اختر کو پھیپھڑوں کے کینسر کا مرض لاحق تھا اور وہ گذشتہ ایک ماہ سے لاہور کے ہسپتا ل میں زیرعلاج تھے،مسعود اخترکے اکلوتے بیٹے کا انتقال5ماہ قبل ہو ا تھا ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا نے مسعود اختر کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

مسعود اختر 5 ستمبرمیں 1940 میں ساہیوال میں پیداہوئے جبکہ 1960 کی دہائی میں اسٹیج سے فنکارانہ زندگی کا آغاز کیا اور اپنی بہترین اداکاری کی بدولت مختصر وقت کے بعد سٹیج کے مشہور اداکاروں میں شمار کئے جانے لگے جبکہ پاکستانی ٹیلی ویژن کے لئے ان کی خدمات کسی تعریف کی محتاج نہیں ،انہوں نے کئی لازوال ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ساتھ ہی کئی فلموں میں بطور ولن یعنی منفی کردار ادا کئے۔

فلم سنگدل میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا، اداکار مسعود اختر کو فنی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اداکار مسعود اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسعود اختر کے انتقال سے فن ثقافت میں پیدا ہونیوالا خلا کبھی پر نہیں ہوگا،مسعود اختر کی فن ثقافت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی معروف اداکار مسعود اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسعود اختر مرحوم نے فلموں اور ڈراموں میں اپنی اداکاری سے پرستاروں کو متاثر کیا۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ مسعود اختر نے اپنی اداکاری میں حقیقت کا رنگ بھرا، ان کے یادگار ڈرامے آج بھی پرستاروں کو یاد ہیں۔

وزیراعلی  عثمان بزدار نے مسعود اختر کے اہلخانہ سے بھی دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا ہے۔مسعود اختر کے انتقال پر مختلف سیاسی ،سماجی اور شوبز شخصیات نے افسوس کا ظہار کیا