جماعت اسلامی کی جانب سے پشاور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار


کراچی/دادو (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے پشاور قصہ خوانی بازار مسجد کے اندر خودکش دہماکے کے نتیجے میں 30افراد کے شہید اور 50افراد کے زخمی ہونے کے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی،معاشی اور خودکش حملوں کی زد میں ہے، حکمران لانگ مارچ اورعدم اعتماد سے نمٹنے کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کی بجائے عوام کو تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے  ایک بیان میں مزید کہا کہ کچھ عرصہ خاموشی کے بعد فاٹا، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر دہشتگردی کی آگ بھڑک اٹھی ہے عوام مہنگائی، بھوک بدحالی اور بیروزگاری کے بعد اب شدید دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں لیکن حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے دن رات مخالفین کو شکست دینے کیلئے اتحادیوں کو منانے اور اپنے ارکان کو بچانے کی تگ ودو میں مصروف ہیں جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔مسجد میں دھماکہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن، اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے سیکورٹی الرٹ جاری ہونے کے باوجود مناسب حکومت نے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے، دشمن نے کسی بارڈر پر نہیں پشاور کے وسط میں حملہ کیا ہے، حکومت کیخلاف اپوزیشن کی تحریک کے بعد ملک بھرمیں اچانک دہشت گردی کے واقعات شروع ہوگئے ہیں، اتنے اداروں اور سیکورٹی چیک پوسٹوں کے باوجود دہشت گرد کیسے اور کہاں سے آجاتے ہیں؟

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ دشمن  نے کھلے عام اعلان کر رکھا ہے کہ وہ ہر صورت پاکستان کو کمزور کر یگا، ہمارا سوال ہے کہ حکومت اور سیکورٹی ادارے کیا کررہی ہیں۔تخریب کاروں اور دہشت گردوں کو روکنے کیلئے حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔اگر دہشت گرد اسی طرح ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بناتے رہے تو لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے وہ حکمرانوں کے خلاف نکلیں گے اور انہیں گریبانوں سے پکڑیں گے، پشاور دہماکہ سوچی سمجھی سازش اور ملک کے امن وامان کو تہ وبالا کرنے کی کوشش ہے، وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور سیکورٹی ادارے معصوم عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ صوبائی امیر نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کی بھی دعا کی۔#

جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں کا پشاور دھماکے کی شدید مذمت

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل نصراللہ گورائیہ ، نائب امراء سردار ظفر حسین خان، محمد وقاص بٹ ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد اقبال ، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے پشاور میں ہونے والے خودکش حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنائے ۔ یہ ملک کے امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش ہے ۔ اس کے پیچھے غیر ملکی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ اس حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر عوام نے دہشت گردوں کا جس جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے دنیا کی اور کوئی قوم نہیں کر سکتی ۔یوں محسوس ہوتا کہ جیسے پاکستان میں بحال ہوتی انٹر نیشنل کرکٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن مالی و طبی امداد کرے۔پاکستانی قوم دہشت گردوں سے ڈرنے والی نہیں