لاہور (صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کا 6 گھنٹے طویل دورہ کیا اور تقریبا 9ارب روپے کے81 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد آمد کے فورا بعد چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ پہنچے اور اس کا افتتاح کیا ۔ یہ منصوبہ 21 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سیرینا ہوٹل پہنچے اور رورل ہیلتھ سنٹر کھرڑیانوالہ کی اپ گریڈیشن اور تاندلیانوالہ میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ کھرڑیانوالہ کے رورل ہیلتھ سنٹر کی 60بیڈز تک اپ گریڈ یشن پر 20 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جبکہ تاندلیانوالہ میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر ساڑھے 7 کروڑ روپے سے مکمل کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 8ارب16 کروڑ روپے کے 78 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد کیلئے جاری میگاپراجیکٹ کی وال کا بھی معائنہ کیا۔وزیر اعلی کو فیصل آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بعدازاں وزیر اعلی عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 145 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے 10 منصوبے3ارب 40کروڑ روپے سے مکمل ہوں گے۔جھنگ روڈ ماڈل بازار کی تعمیر و مرمت پر 18 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔پینے کے صاف پانی او رنکاسی آب کے 19منصوبے 4 ارب روپے سے مکمل کئے جائیں گے۔15سول ڈسپنسریوں کی مرمت وبحالی پر ساڑھے 11کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ایجوکیشن کے 25 منصوبے مکمل کئے جائیں گے، ان پر تقریباً 16کروڑ روپے لاگت آئے گی۔RAP فیز ٹو کے تحت 5 سڑکوں کی تعمیرو مرمت کا کام تقریباً 30کروڑ روپے سے مکمل ہوگاـوزیر اعلی نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں 105ارب 42کروڑ 40لاکھ روپے کے 2362 ڈویلپمنٹ پراجیکٹس مکمل ہوں گے۔سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021ـ22 کے تحت 472 ترقیاتی منصوبے 88ارب روپے سے مکمل کئے جائینگے۔کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے 402 ترقیاتی منصوبوں پر 3ارب 70 کروڑ لاگت آئے گی۔SAP کے تحت 828ترقیاتی منصوبے 3 ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔شوگر کین ڈویلپمنٹ CESSکے تحت 51 ترقیاتی منصوبے85 کروڑ روپے سے مکمل ہوں گے۔پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت 441 ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے۔ ان منصوبوں پر 1ارب 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔لوکل گورنمنٹ 2020ـ21 ADP کے تحت610 ترقیاتی منصوبے2 ارب 7 کروڑ سے مکمل ہو ں گے۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے 4جار ی پراجیکٹس پر ایک ارب 39 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ فرانسیسی ادارے AFD اور پنجاب حکومت کا مالی اشتراک، فراہمی ونکاسی آب کے 4پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ فیصل آباد میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے 7 ارب روپے کی لاگت سے 100 کلومیٹر طویل فیصل آباد رنگ روڈ کی تعمیر و بحالی کی جائے گی اور نیا ٹرانسپورٹ سسٹم بھی دیں گےـفیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج فیز ٹو کا آغاز بھی کیا جائے گااور جاری منصوبو ں کیلئے 7 ارب روپے کے اضافی فنڈز بھی دیئے جائیں گے ـوزیر اعلی نے بتایا کہ 3217 ایکڑ سپیشل اکنامک زون سی پیک کے تحت بن رہا ہے ـ فیصل آباد کے اکنامک زون میں 50 سے زائد چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کر چکی ہیں ـ اگلے سال تک سرمایہ کرنے والی چینی کمپنیوں کی تعداد 150 سے بڑھ جائے گیـکسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کسان کارڈ جیسا انقلابی پروگرام متعارف کرایاـ وزیر اعلی نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھرپور مینڈیٹ سے نوازاـ فیصل آباد والوں کا عمران خان سے رشتہ محبت کا رشتہ ہے جسے مزید مضبوط کریں گے اورفیصل آباد کو مثالی شہر بنانے کے لئے ساری توانائیاں خرچ کریں گےـ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ انتظامی امور میں بہتری کے لئے نئے اضلاع اور تحصیلیں بنا رہے ہیں ـ جب اقتدار میں آئے تو خزانہ خالی اور حکومت مقروض تھی ـ اس کے بعد کورونا آگیا ـ کورونا کی وجہ سے ساری دنیا مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے ـ عوام کو ریلیف کے لئے جامع پیکیج لا رہے ہیں ـ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا 700ارب سے زائد ترقیاتی بجٹ دے رہے ہیں اور ہماری حکومت میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح اطمینان بخش ہے ـ ایک سو ال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ ہماری ساری توجہ ہیلتھ سیکٹر پر ہے ـ صوبے میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ـ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں ـ ایکٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اس کے پاس ہونے پر بلدیاتی الیکشن کی طرف آئیں ـ سپریم کورٹ کے حکم پر نہ صرف بلدیاتی اداروں کو بحال کیا بلکہ ان کو سہولیات بھی دے رہے ہیں ـ انہوں نے کہا کہ مسائل اور رکاوٹیں آتی رہتی ہیں ـ حکومت کا کام ان مسائل کو حل اور رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ـبلوچستان حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں آپ جس کو نمائندہ بنانا چاہتے ہیں بنا سکتے ہیں ـپنجاب میں کوئی ایسی تحریک آئی تو پھر دیکھیں گےـقبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور بے آسرا بچوں کیلئے سہولتو ں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا اور لیب کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ میں مقیم بچوں سے ملاقات کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بچوں میں گھل مل گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بچوں کی نشستوں پر گئے اور ان سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور بچوں کو تحائف دئیے۔ بچوں نے اپنے ہاتھ سے بنائے کارڈز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دیئے جس پر وزیراعلیٰ نے بچوں کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ میں مقیم بچی کو اس کے والدین کے حوالے کیا۔گمشدہ بچی ملنے پر خاندان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تشکر کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ بے آسرا بچوں کی تعمیر و تربیت کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ان کا دائرہ کار ہر ضلع تک بڑھائیں گے۔ بے آسرا بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے وسائل کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ادارے کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی۔بعد ازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت سرینا ہوٹل میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصل آباد کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔انتظامی افسران اور منتخب نمائندے مشترکہ اقدامات کرکے مہنگائی پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔عوام کو ریلیف دینا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔منتخب نمائندے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندو ںکے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔کسی کو جائز کاموں میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیر مملکت فرخ حبیب، صوبائی وزراء حسین جہانیاں گردیزی، ہاشم جواں بخت، اجمل چیمہ، حافظ ممتاز احمد، چوہدری ظہیر الدین، معاون خصوصی حسان خاور،راکین قومی و صوبائی اسمبلی، فیصل آباد کی انتظامیہ، پولیس افسران اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے