لا علمی کے باعث نوجوان سائبر کرائم کے مرتکب ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کی رائے


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام اور لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک کے باہمی اشتراک سے سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔

لاہور کالج برائے خواتین لاہور میں “سوشل میڈیا ہراسمنٹ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کا مقصد طالبات میں انٹر نیٹ کے محفوظ استعمال، انٹرنیٹ کے استعمال میں لاپرواہی و نقصانات اورسائبر کرائم کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔

اس موقع پر مقررین نے سوشل میڈیا ہراسمنٹ کے اثرات، انسانی نفسیات اوراس پر سوشل میڈیاکے اثرات ، سائبر لاز اور سائبر ہراسمنٹ سے محفوظ رہنے کے طریقہ کارجیسے موضوعات پر خطاب کیا اور پریزٹیشن دی۔

نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے بالکل بھی انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس حوالے سے نوجوانوں کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

سائبر لا ایکسپرٹ زین علی قریشی نے کہا کہ ملک میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہے اور لا علمی کے باعث نوجوان سائبر کرائم کے مرتکب اور شکار ہو جاتے ہیں۔ سیمینار میں ڈین آف فیکلٹی آرٹس اینڈ سوشل سائنسزڈاکٹر محمد افضل، ہیڈ سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ نازیہ صلاح الدین،سینئر مینجر میڈیا ریلشنز الخدمت فاؤنڈیشن شعیب احمد ہاشمی،انچارج رضاکار پروگرام سنان اکبر، انچارچ رضاکار پروگرام الخدمت وومن ونگ سارہ ابرار، مناہل امجد، حفضہ عمران، حنا اکبراور اسوی یسین سمیت کثیر تعداد میں اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔سیمینار کی میزبانی کے فرائض رویحہ ادریس نے سرانجا م دیئے جبکہ اختتام پر شرکا کو سوینئرز اور سرٹیفیکیٹس پیش کئے گئے۔