شاہ محمودقریشی سے یورپی کمیشن کے نائب صدر کا ٹیلیفونک رابطہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزپ بوریل نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں یوکرین کی موجودہ صورتحال اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے حوالہ دیا کہ وزیراعظم عمران خان روس اور یوکرین کے درمیان حالیہ صورتحال پر افسوس کرتے ہوئے پاکستان کی اس امید کا اظہار کرچکے ہیں کہ سفارت کاری فوجی تنازعہ سے بچا سکتی ہے۔ ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے مضراثرات کو بیان کرتے ہوئے وزیراعظم سفارتی حل کی اہمیت پر زور دے چکے ہیں۔

وقوع پذیر حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے یورپی یونین کے اعلی نمائندے کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا جو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے فروغ پر استوار ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے ازسرنو آغاز، بات چیت اور سفارت کاری جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کثیرالقومی متعلقہ معاہدات، عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق حل کی اہمیت پر زور دیا۔

بورئیل نے صورتحال پر اپنے نکتہ نظرکو بیان کرتے ہوئے عالمی امن وسلامتی اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سفارتی حل تلاش کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اعلی نمائندے بورئیل نے رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔