آئندہ سال ٹیکس سونامی کے ذریعے ایک لاکھ ملازمتیں دیں گے، شبلی فراز


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئندہ سال ٹیکس سونامی کے ذریعے ایک لاکھ ملازمتیں دیں گے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وسائل کم ہونے کے باوجود ہر شعبے کو پیکج دیئے جا رہے ہیں جبکہ تعمیراتی شعبہ، صحت، تعلیم، آئی ٹی سمیت عوام کو ریلیف دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف مہنگائی پر سیاست کرتی رہی لیکن وزیراعظم کے 4ماہ پیکج کے اعلان سے حزب اختلاف بے نقاب ہوئی اور اب ان کے پاس کھیلنے کو کیا ہے؟

شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم کی لیکن شاہد خاقان عباسی نے کہا عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت بڑھی تو یہاں کیسے کم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے صنعتی پیکج کا اعلان کیا لیکن اگر وہ پہلے ہو جاتا تو اچھا ہوتا۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک کا انحصار امپورٹ پر رکھا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ہم مربوط طریقے سے ایکسپورٹ کی جانب گامزن ہیں اور پاکستان کا روشن مستقل سائنس و ٹیکنالوجی سے منسلک ہے۔ آئندہ سال ٹیکس سونامی کے ذریعے ایک لاکھ ملازمتیں دیں گے۔

چودھری برادران سے وزیر اعظم کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری برادران سے ملاقات سیاست کا حصہ ہے۔