اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی گذشتہ ماہ دورہ پاکستان کے حوالے سے امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی سفیر نے وزیر داخلہ کو سعودی ہم منصب کی جانب سے دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا دو طرفہ تعلقات میں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود کا دورہ پاکستان انتہائی سود مند تھا۔ آنے والے دنوں میں داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط میں مزید وسعت آئیگی۔ پاکستان اور سعودی عرب دو بھائی ہیں۔
سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معاونت کی ہے۔سعودی سفیر کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات لے رہے ہیں۔ سعودی عرب کے عوام پاکستان کے لئے انتہائی نیک جذبات رکھتے ہیں۔