پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی حکمران اقتدار چھوڑنے پر مجبور ہونگے،مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد،ڈیر ہ اسماعیل خان( صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 13فروری 2022کا سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کاالیکشن جمعیت علمائے اسلام جیت چکی ہے، مگرپی ٹی آئی حکومت اور وفاقی وزیر نے ایک دفعہ پھر عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا اور الیکشن قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، حکمران عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، ان کو لانیوالے سلیکٹرز بھی اپنے فیصلوں پر نالاں نظر آتے ہیں، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی حکمران اقتدار چھوڑنے پر مجبور ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پرسٹی میئر تحصیل ڈیرہ کے جمعیت علمائے اسلام کے نامزد امیدوار کفیل احمد نظامی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان کی علاقائی سیاسی و ملکی صورتحال سمیت حالیہ بلدیاتی انتخابات میں علی امین گنڈاپور کے بوگس ووٹ و دھاندلی بھی زیر گفتگو رہی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، عمرانی ٹولے نے ملک کو آئی ایم ایف کی لونڈی بناکر رکھ دیا ہے، سٹیٹ بنک سمیت ملک کے اہم اثاثے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیئے گئے ہیں، نت نئے ٹیکسوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا جبکہ حکومتی وزراء کو کرپشن کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کیخلاف ہر محاذ پر ڈٹی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے سلیکٹرز بھی انکی حرکتوں اور پالیسیوں سے نالاں ہوچکے ہیں اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی حکمرانوں کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ری پولنگ میں وفاقی وزیر علی امین اور حکومت کی جانب سے اربوں روپوں کی انتخابی رشوت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ سرکاری وسائل اور لوگوں کے ضمیر خریدنے پر الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی خاموشی ا ور بے بسی افسوسناک اور ملک کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ، اب حکومت کی جانب سے الیکشن قوانین میں ترامیم کرکے دھاندلی کے راستے کھول دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں بھی جے یو آئی نے پی ٹی آئی کو ناک آئوٹ کیا اور دوسرے مرحلے میں بھی صوبے کے دیگر اضلاع سے پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ نکالیں گے۔