اسلام آباد(صباح نیوز)کالعدم جماعت تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے ۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اتوار کی رات وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ قبل ازیںوفاقی کابینہ نے کالعدم جماعت تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی اٹھانے کی سمری کی منظوری دی تھی۔۔
ہفتے کے روز وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کا نام کالعدم تنظیم کی فہرست سے نکالنے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھیجی تھی۔سمری میں تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے اور پابندیاں ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔تحریک لبیک پر پاپندی ختم کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ کے سرکولیشن سمری پر دی۔
واضح رہے کہ کسی بھی اہم اور فوری نوعیت کے مسئلے کی کابینہ سے منظوری کے لیے سرکولیشن سمری ارسال کی جاتی ہے جس کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرنا ضروری نہیں ہوتا۔ سرکولیشن سمری کے تحت 24 گھنٹوں کے اندر جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں سمری منظور تصور کی جاتی ہے۔
قبل ازیں جمعے کو پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک کا نام کالعدم تنظیم کی فہرست سے نکالنے کی سفارش کی تھی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے خفیہ معاہدے کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے رواں سال اپریل کے مہینے میں پرتشدد اختجاج پر جب تحریک لبیک پر پابندی عائد کی گئی تو پہلے پنجاب حکومت کی جانب سے اس کی سفارش وفاقی حکومت کو کی گئی تھی۔
کابینہ نے اجلاس اس سفارش منظور کرتے ہوئے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت نے 577 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے بھی نکال دئیے جبکہ پنجاب حکومت نے 2100 سے زائد گرفتار کارکنوں کوبھی رہا کردیا ہے۔