اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی فتح اور افغانستان کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کا اینڈ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے نتیجے نے بھارت کی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل سے باہر کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے بھارت کی کرکٹ ٹیم کے عالمی ایونٹ کے سیمی فائنل سے باہر ہونے پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ ورلڈ کپ تو نہیں ملا مگر چائے کا کپ حاضر ہے۔
یاد رہے کہ پاک افواج نے بالا کوٹ حملے کے ناکام بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ملک کی حدود سے زندہ سلامت گرفتار کرنے کے بعد چائے پلا کر باوقار انداز میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا تھا۔
اس وقت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پاکستانی چائے کے بہت چرچے تھے۔ابھی نندن نے جب واہگہ بارڈر کراس کیا تھا تو اس وقت انہوں نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا سوٹ زیب تن کر رکھا تھا۔ ابھی نندن کو تین روز قبل ہی بھارتی ایئرفورس میں ترقی بھی دی گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی بھارت کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے باہر ہونے پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ مبارک ہو بھارت، آپ نے جو گڑھا کھودا اسی میں جا گرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جسی کرنی ویسی بھرنی۔