سلیکٹیڈ حکومت کے خاتمہ تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔ مولانا فضل الرحمن


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قبائلی انضمام غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پرکیا گیا ہے، انضمام کے بعد قبائل کی حالت تبدیل نہیں ہوئی، ترقیاتی کاموں کے نام پر قبائلیوں کو ورغلایا گیا ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے،پی ڈی ایم کے کراچی ،کوئٹہ اور پشاور کے جلسوں کے بعد اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے، عوام قربانی کیلئے تیار ہوجائیں اور گھروں سے باہر نکلیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں جمعیت علمائے اسلام حلقہ جنوبی وزیرستان کے زیر اہتمام پیغام امن جمعیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق سینٹرصالح شاہ قریشی، رکن قومی اسمبلی عبدالشکور، ملک بسم اللہ خان، ایم پی اے محمود خان بیٹنی، حاجی گل اصغر خان وزیر، سابقہ ضلعی ممبر حاجی نور اصغر وزیر، عصام وزیر، نور رحمان وزیر و دیگر قائدین و قبائلی عمائدین کے علاوہ جمعیت کے ہزاروں کارکنان بھی موجود تھے۔

سیکورٹی کے فرائض مقامی پولیس اور انصار السلام نے انجام دیئے۔ کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام کے جھنڈے اور بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس نااہل، کرپٹ اور سلیکٹیڈ حکومت کے خاتمہ تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، یہاں پر مدرپدر آزادی، فحاشی وعریانی کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کے گردے بیچنے پر مجبور ہیں۔ موجودہ حکمران یزید کے پیروکار ہیں، میں حسین کا پیروکار ہوں، حکمرانوں کے سامنے کبھی نہیں جھکوں گا، حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ صوبوں کے حقوق کی بات ہمیشہ ہم نے کی۔ ریاستی عناصر ملک میں مذہبی اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں۔ ہماری اسلام کی مضبوط جڑوں کو کمزور کرنے کیلئے عمران خان جیسا بندہ ان قوتوں کیلئے مضبوط امیدوار تھا، یہ پاکستان کا تعلق مذہب سے ختم کرنے کے درپے ہیں۔