کراچی(صباح نیوز)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان ہے، جس کی وجہ سے کاروبار بندکر کے آئوٹ سٹینڈنگ سودے منسوخ کردیئے گئے،سرمایہ کاروں کے اربوں ڈوب گئے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی ممالک پر نئے ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد خود امریکا سمیت ایشیا اور خلیجی ملکوں کی اسٹاک مارکیٹ پر منفی اثرات نمایاں ہو رہے ہیں۔
بازارِ حصص میں صبح کاروبار کے آغاز ہی سے شدید مندی کا رجحان تھا۔ ابتدا میں کے ایس ای 100 انڈیکس 3331.22 پوائنٹس کم ہونے سے انڈیکس 115460 پوائنٹس کی سطح پر آیا۔بعد ازاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کی جانب رجحان بڑھتا رہا جس کے نتیجے میں سرکٹ بریکر آن ہوگیا اور سٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ معطل کردی گئی۔اسی دوران انڈیکس 6287 پوائنٹس کمی سے 112504 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔اسی طرح پی ایس ایکس میں 45 انڈیکس 5 فیصد کمی کے باعث لوئر سرکٹ بریکر آن ہوگیا اور ٹریڈنگ معطل کردی گئی ۔
مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں کچھ دیر کے لیے بند کیے جانے کے بعد بحال کردی گئیں، تاہم اس سے قبل شدید مندی کی مدت کے تمام آئوٹ اسٹینڈنگ سودے منسوخ کردیئے گئے ۔پی ایس ایکس کے اعلامیے کے مطابق ایکویٹی اور ایکویٹی بیسڈ مارکیٹ 46 منت تک بند رہی۔بعد ازاں بازارِ حصص میں ٹریڈنگ بحال ہوئی، تاہم مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 7734.77 پوائنٹس کم ہوکر 111,056.89 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔