اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف اور سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن میں 9 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔صدرمملکت نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑا میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
وزیراعظم نے آپریشن میں دہشت گردوں کے مطلوب لیڈر سمیت 9 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تکواڑہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے 9 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی جرات، قربانی اور صلاحیتوں پر فخر ہے۔سکیورٹی فورسز خوارجی عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے پرعزم ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا غیرمتزلزل عزم قابلِ تحسین ہے۔سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔