عرفان صدیقی کی یوسف رضا گیلانی کی بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بطور بانی چیئرمین تقرری پر مبارکباد

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما، سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین، سینیٹر عرفان صدیقی نے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کو بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا بانی چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف یوسف رضا گیلانی کا نہیں، پوری سینیٹ بلکہ پورے ملک کا اعزاز ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ اعزاز بطور پارلیمنٹیرین، بطور سپیکر قومی اسمبلی اور بطور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی صاحب کی شاندار خدمات اور انتہائی قابل قدر کارکردگی کا اعتراف ہے، یہ امر ہم سب کے لئے باعث فخر ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو اس منصب پر فائز کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کی طرف سے ان پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے فورم کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں گے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے سید یوسف رضا گیلانی کی اس منصب پر تقرری کو پاکستان کے جمہوری پارلیمانی نظام اور خارجہ پالیسی کی کامیابی قرار دیا۔