چناری (صباح نیوز)جہلم ویلی کے علاقے کہیاں محلہ (دھنی بکالاں) میں درجنوں افراد نے مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کر لی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیرو گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے نئے شامل ہونے والے افراد کو جماعت اسلامی کی باضابطہ ممبرشپ دی اور انھیں جماعت اسلامی میں خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی کی ضامن ہے،جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک میں عدل و انصاف، دیانت داری اور اسلامی اصولوں پر مبنی حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے۔اس وقت پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ دیانت دار قیادت کو آگے لایا جائے،روایتی سیاست دانوں نے قوم کو صرف دھوکہ دیا،اب وقت آگیا ہے کہ عوام اسلامی نظام اور صالح قیادت کا انتخاب کریں،
جہلم ویلی میں عوام کی جوق در جوق جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ کرپٹ نظام سے بیزار ہو کر ایک باصلاحیت اور دیانت دار قیادت کی طرف رجوع کر رہے ہیں،آئے روز دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر عوامی شمولیت، جماعت اسلامی کی مقبولیت میں اضافہ کا واضع ثبوت ہے،ان شاء اللہ ہم جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ان کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے،ڈاکٹر مشتاق احمد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ کرپشن سے پاک اور عدل و انصاف پر مبنی ایک مضبوط پاکستان اور آزاد کشمیر کی بنیاد رکھی جائے،جماعت اسلامی کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی ہے ہے،تقریب کے اختتام پر نئے شامل ہونے والے افراد نے ہاتھ اٹھا کر جماعت اسلامی کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک پاکستان اور آزاد کشمیر میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔