اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس نے ملت اسلامیہ اور جموں و کشمیر کے عوام کو عید الفطر کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اہل ایمان سے استدعا کی ہے کہ عید سادگی سے منائیں ،اور خوشی کے اس پر مسرت موقع پر غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں بہنوںاور وارثین شہدا کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں کا حصہ بنائیں جو اپنے پیاروں کے بغیر یہ عید منا رہے ہیں۔
اتوار کوکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی ،جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ملت اسلامیہ اور جموں و کشمیر کے عوام کو عید الفطر کے مقدس موقع پر دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے جملہ اہل ایمان سے مودبانہ اور مخلصانہ استدعا کی ہے کہ عید سادگی سے منائیں ،اور خوشی کے اس پر مسرت موقع پر غزہ اور کشمیر کے ان بھائی ،بہنوں ، بیٹیوں ،بیوائوں اور وارثین شہدا کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں کا حصہ بنائیں جو اپنے پیاروں کے بغیر یہ عید منا رہے ہیں جنہوں نے آزادی وطن اور غلبہ اسلام کی خاطر اپنے عزیزوں، جگر گوشوں، اپنی بینائی اور متائے حیات کو قربان کیا۔ ہم ان کے مقروض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں کشمیر اور کشمیر سے باہر بھارت کی مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں برس ہا برس سے قید کشمیری حریت پسند رہنمائوں ، کارکنان،صحافیوںاور انسانی حقوق کے کارکنان کو نہیں بھولنا چاہیے جو وطن عزیز کی آزادی اور غلبہ اسلام کی خاطر بھارت کی بدترین جیلوں میں بڑی بہادری اور شجاعت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید کے اس مقدس موقع پر ان کی عزم و ہمت اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی صحت و سلامتی اور جلد از جلد رہائی کے لیے اللہ کے حضور دعا گو ہیں۔ اللہ کرے کہ ارض وطن کشمیر کو جلد ہی آزادی کی بہار نصیب ہو۔
انہوں نے اس موقع پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی جملہ تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں اور تمام اسیر حریت قائدین و کارکنان ،انسانی حقوق کے رہنمائوں اور زرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کو بھارتی جیلوں سے رہا کروانے میں اپنا کردار ادا کریں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت کا موقع فراہم کریں ۔جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے ۔تاکہ کشمیری عوام بھی باقی دنیا کی طرح آزادی کے ساتھ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔