مسلم امہ عید خوشی کے لمحات میں کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو یاد رکھیں،،فریدہ بہن جی کی امت مسلمہ کوعیدالفطر کی مبارکباد

سرینگر (صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما ء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے امت مسلمہ کوعیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ خوشی کے ان لمحات میں مسلم امہ بھارت اور اسرائیلی دہشت گردی کا شکار مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو یاد رکھیں اور ان کی عملی مدد کے لئے متحد ہوکر آگے آئے ،

عیدالفطر کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کشمیری خاتون رہنماء نے کہاکہ کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کوتقریبا ایک ہی طر ح کی سنگین صورتحال کا سامنا ہے ، دونوں خطوں میں مسلمانوں کو اپنی شناخت وبقاکے خطرے کا سامنا ہے ، جہاں پربھارت اور اسرائیل ایک ہی ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی زمینوں اور دیگر املاک پر قبضہ کر کے انہیں اپنے ہی وطن سے بے دخل کررہے ہیں ۔ فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری نسل کشی کے دوران اسرائیلی ظالم اور بے رحم فورسز نے ہزاروں فلسطینی شہید کیے جن میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار اسرائیلی طرز کی پا لیسی کے تحت کشمیریوں کا قتل عام اور ان کی جائیداد و املاک پر قبضہ کررہی ہے،مقبوضہ علاقے میں بھارت نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایک لاکھ کے قریب کشمیری شہید کیے ، دس لاکھ کے قریب ظالم اور قابض بھارتی فورسزنے کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیا ہے جہاں پر خوف و دہشت کے ماحول میں ہندوتوا تہذیب کو فروغ دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا چکا ہے،کشمیری مسلمانوں کی اپنی شناخت خطرے میں ہےانتہاپسند اور فاشسٹ مودی سرکار ایک مذموم ایجنڈے کے تحت کشمیر کو ایک ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں ہے ،کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کر کے اپنے ہی وطن میں انھیں بےدخل کیا جارہا ہے.

انھوں نے کہا کہ اب کشمیری قیادت کو اپنی عوام کی جد وجہد سے دستبردار کرانے کے لیے مختلف حربے اور ہتھکنڈے استمعال کیے جارہے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا بھارت کے یہ حربے بھی کشمیریوں کے بلند حوصلوں کے سامنے ناکام ہونگے صوصورتحال کا یہ تقاضا ہے کہ پوری مسلم امہ اور اس کے حکمران متحدہو کرایک ہی آواز میں کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو بچانے کے لئے آگے آئیں ، انہوں نے امت مسلمہ کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے صاحب ثروت کشمیری لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار لوگوں سمیت غریب اور بے سہارا افراد کی دل کھول کر مدد کریں اور عید کی خوشیوں میں انہیں بھی شامل کریں۔ سینئر حریت رہنماء نے کشمیری و فلسطینی حریت پسند عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ شہداء کی قربانیاں را ئیگاں نہیں جائیں گی اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے دونوں خطے جلد آزادی کی منزل سے ضرور ہمکنار ہوں گے