جموں میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا پتلانذرآتش

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کانگریس نے جموں میں احتجاجی مارچ کرتے ہوئے علاقے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی پر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا پتلانذرآتش کردیا۔ یہ احتجاج مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی میں تاخیر کے خلاف بھی تھا۔مارچ پنجتیرتھی سے شروع اورپریڈچوک پر ختم ہوا۔

مارچ کے اختتام پر مظاہرین نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا پتلا نذر آتش کیا۔کانگریس رہنمائوں نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نئی دہلی میں بی جے پی حکومت کوعلاقے میں امن وامان برقرار رکھنے میں ناکامی پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید واقعات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے کافی نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے حقوق اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے آئینی ضمانتوں کے ساتھ علاقے کی مکمل ریاستی حیثیت کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کشمیریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔