مارگلہ ہلز کو بڑے سفاری پارک کی شکل دینے کی کوشش کریں گے، مصدق ملک

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے پنجروں میں جانور رکھ کر ان پر ٹکٹ لگانے سے بہتر سفاری ہے، ہم مارگلہ ہلز پر بڑے سفاری پارک کی شکل دینے کی کوشش کریں گے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم اورنگزیب پنجاب میں اس محکمے کو ڈائریکٹ دیکھ رہی ہیں، مریم اورنگزیب ایک اچھی ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں، جو کام 70سال میں نہیں ہوا اب وہ ہورہا ہے، مارگلہ ہل میں درخت کاٹنے والوں پر 23چالان کیے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان وہ جگہ بنائیں گے جہاں جانور محفوظ ہوں، کیا کبھی کسی نے سوچا ہے اس ریچھ پر کیا بیتتی ہے جس پر کتے چھوڑے جاتے ہیں، آج ہم دنیا کے پاس جا رہے ہیں، وعدہ ہے آج سے پانچ، 7سال بعد دنیا ہمارے ملک میں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جانوروں کی ری ہیبلی ٹیشن سے ہی انسانی ہمدردی کا خیال آئے گا۔ کوشش کریں گے انسانوں کیلئے اول اور پھر جانوروں کیلئے کام کریں، انسان حیوانی طریقے سے جانوروں کے ساتھ سلوک کرتے ہیں، ہم ایسے انسانوں کو روکیں گے۔ مصدق ملک نے کہا کہ سفاری ایک ایسی جگہ ہے جہاں جانوروں کو بھی ایسے رہنا چاہئے جیسے رہنے کا حق ہے، بے زبان جانوروں کا کھانا چوری کیا جا رہا ہے، جانوروں کو ادویات نہیں مل رہی تھیں، کوشش کریں گے یہاں سفاری بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک غریب ملک ہیں لیکن کاربن فٹ پرنٹ نہیں ہے، ہم پورے مارگلہ جنگل کے ساتھ وائلڈلائف کو ری سٹور کریں گے، کاربن کریڈٹ جنریٹ کرنے کیلئے یہاں سرمایہ کاری کرائیں گے۔ مصدق ملک کا کہان تھا کہ پانی کو ری سٹور کرنے کے کاربن کریڈٹس کی اہمیت زیادہ ہے، جب بڑے ممالک ایندھن جلاتے ہیں تو پوری دنیا کیلئے تباہ کن ہوتے ہیں۔