کشمیرکی آزادی اورنظام کی تبدیلی ہماری ترحیج ہے۔ ڈاکٹر محمد مشتاق خان

راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ظلم پر مبنی استحصالی نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ،فرسودہ اور باطل نظام نے معاشرے اور ریاست کی چولیں ہلاکر رکھ دی ہیں،روایاتی پارٹی اور قیادتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں،جماعت اسلامی عوام خاص کر نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے،جماعت اسلامی بنو قابل طرز پر ایک  لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بناکر باعزت روزگار کے قابل بنائے گی،کشمیرکی آزادی اورنظام کی تبدیلی ہماری ترحیج ہے روزے بھی مسلمان کو فریضہ اقامت دین  کے لیے تیار کرتے ہیں،

ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی ضلع پونچھ کی طرف سے دیے گئے افطار ڈنر میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان نائب امیر جماعت اسلامی سردار زاہد رفیق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ آج امت قرآن وسنت کی تعلیمات سے دوری اور بزدل حکمرانوں کی وجہ سے مسائل کاشکار ہے جماعت اسلامی کے پاس جرات مند قیادت بھی اور نظام بھی اسلامی لانا چاہتی ہے ،امت کے مسائل جماعت اسلامی ہی حل کرسکتی ہے،جماعت اسلامی کو جہاں  بھی خدمت کاموقع ملا عوام کی خدمت کی ہے اور مخالفین بھی اس کی تحسین کرتے ہیں،انھوںنے کہا رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے اس ماہ مقدس میں قرآن نازل ہوا جو انسانوں کی ہدیات ہے،اس ماہ مقدس میں قرآن کے ساتھ تعلق کو مضبوط کیاجائے،نیکی سے محبت اور برائی سے نفرت کی جائے یہ پیغام ہے اس ماہ مقدس کا،انھوںنے کہاکہ ہندوستان اور اسرائیل مسلمانوںکی نسل کشی کررہے ہیں۔