کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، آصف علی زرداری


اسلام آباد(کے پی آئی)پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے تمام عالمی فورمز پر آواز بلند کرتا رہے گا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔یوم پاکستان کی تقریب کے شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، مسلح افواج ساتھ ساتھ کھڑے ہیں۔ نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے جغرافیائی و سیاسی مسائل کا سامنا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، دہشتگردی کو جر سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آج کے دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہیں، لاکھوں قربانیوں کی بدولت پاکستان کاخواب حقیقت میں بدلا، شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منھ توڑ مقابلہ کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ انڈیا ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔انھوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے۔صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولے، ان شا اللہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے، جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو۔صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن بھی ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی نہیں بھولے جو طویل عرصے سے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ صدر مملکت نے ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کیا۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے تمام عالمی فورمز پر آواز بلند کرتا رہے گا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔صدر مملکت نے فلسطینیوں کے ساتھ پاکستان کی جانب سے یکجہتی اور ان کے حق ارادریت کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار بھی کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری فیصلہ کن اقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی غیر ملکی مداخلت کے بغیر فلسطینیوں کو اپنے وطن میں مکمل آزادی کے ساتھ اپنے مستقبل اور خودمختاری کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم سے اپیل کی کہ مادر وطن کے قیام کے حقیقی مقاصد کے حصول کے لیے کام کریں اور صدر مملکت نے قوم کی خوشحالی، اتحاد اور طاقت کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی ثابت قدمی، محنت اور حب الوطنی نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم سے اپیل کی کہ اپنی تمام تر توانائیاں ملک کی ترقی کیلئے وقف کریں، اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کیلئے کام کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ مایوسی اور منفی سوچ کو ترک کر کے اتحاد، سچائی اور امید کو اپنانا ہو گا۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں عزت و عظمت اور سربلندی کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے شاندار تقریب کے انعقاد پر پریڈ کمانڈر کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریب ایک مستحکم پاکستان ، قومی یکجہتی اوروقار کا منظر پیش کر رہی ہے۔تقریب کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔شیردل، میراج، ایف 16، جے ایف 17 تھنڈر اور جے 10 سی کی مختلف فارمیشنز نے شاندار رفتار کے ساتھ آسمان کو چیرتے ہوئے حیرت انگیز فضائی مظاہرے کئے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کا معائنہ کیا۔انہیں صدارتی سلامی دی گئی جبکہ قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔صدرمملکت روایتی صدارتی بگھی میں گھوڑوں پر سوار اپنے محافظوں کے ساتھ پنڈال پہنچے تھے۔اس موقع پر فوجی بینڈ نے قومی ترانوں پر مبنی موسیقی کی شاندار دھنیں بھی پیش کیں۔