اسلام آباد، لاہور ، کراچی(صباح نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلی حسن بلال ہاشمی نے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما، اسلامی معیشت کے ممتاز ماہر، سابق سینیٹر، سابق وفاقی وزیر، تحریک اسلامی کے بانیان میں شمار کیے جانے والے عظیم مفکر اور اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سابق ناظم اعلی پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر دل کی گہرائیوں سے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ خبر جمعیت کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے لیے ایک ایسا صدمہ ہے، جس کے اثرات مدتوں محسوس کیے جاتے رہیں گے۔ پروفیسر خورشید احمد، جو گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، برطانیہ میں قضائے الہی سے وفات پا گئے۔ ان کی زندگی علم، تقوی، خدمت، تحریکی وابستگی اور فکری جدوجہد سے عبارت تھی۔ وہ اسلامی نظریہ معیشت کے بانیوں میں سے تھے جنہوں نے نہ صرف علمی میدان میں بلکہ عملی اور عالمی سطح پر بھی اسلامی اصولوں کی روشنی میں معاشی و معاشرتی نظام کی تشکیل پر کام کیا۔
ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان، حسن بلال ہاشمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی وفات صرف ایک فرد کا رخصت ہونا نہیں بلکہ ایک پورے فکری، علمی، اور تحریکی عہد کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر صاحب نہ صرف تحریک اسلامی کے قائد تھے بلکہ ان کی فکری رہنمائی اور نظریاتی استقامت نوجوانوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ بنی رہے گی۔ ان کا خلوص، عاجزی، اور بلند علمی مقام ان کی شخصیت کو ایک منفرد اور مثالی درجہ عطا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان، جس کے وہ ناظم اعلی بھی رہے، آج ان کی گرانقدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم ان کے چھوڑے گئے علمی و فکری ورثے کو زندہ رکھیں گے اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے تحریک اسلامی کی راہوں کو مزید روشن کریں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان دعا گو ہے کہ اللہ رب العزت پروفیسر خورشید احمد کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے، اور ان کے اہل خانہ، رفقا، شاگردوں، تحریک اسلامی اور پوری ملت اسلامیہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔