اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سابق نائب امیر جماعت اسلامی ، معروف ماہر معیشت و سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قومی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی علمی بصیرت، نظریاتی وابستگی اور تعمیری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مرحوم کی سیاسی مذہبی و سماجی خدمات ملک و ملت کیلئے ایک روشن مثال ہیں اور ان کی فکری رہنمائی آئندہ نسلوں کے لئے مشعل راہ بنی رہے گی۔
پروفیسر خورشید احمد کا شمار پاکستان کے ان گنے چنے دانشوروں میں ہوتا تھا جنہوں نے نہ صرف معیشت کے میدان میں گراںقدر خدمات سرانجام دیں بلکہ اسلامی نظریات کے فروغ اور پالیسی سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پروفیسر خورشید احمد کی سیاسی خدمات اور قانون سازی میں اہم کردار کو خراج عقیدت پیش کیا۔