اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیموں کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کا قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستانی قوم کیلئے بہت اہم ہے، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور افواج مادر وطن کیلئے کبھی کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو ہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، دہشتگردتنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوام اور مسلح افواج ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد تنظیموں کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں اس کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا، ہمارے اندر مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیتیں ہیں، ہم ایک با حوصلہ قوم ہیں، مشکلات سے نہیں گھبراتے، اندرونی وبیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے جیوپولیٹیکل چیلنجز کا سامنا ہے، مسلح افواج کے جوان بے پناہ قربانیاں دے رہے، سرحدوں کی حفاظت کو ہمیشہ یقینی بنائیں گے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی حفاظت کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، اپنی نوجوان نسل کیلئے روزگار پیدا کریں گے، نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے۔اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو کبھی نہیں بھولے، مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی دہشتگردی کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر کے غیورعوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیریوں کی بے لوث قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ ہم حق خود ارادیت کیلئے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائیں گے، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی، حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کرتے ہیں، عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے فوری فیصلہ کن اقدام کرے، فلسطینی عوام کو اپنے وطن میں مکمل آزادی و خود مختاری کا حق حاصل ہونا چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا سفر آسان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں، پاکستان کی اصل طاقت عوام ہے، آپ کی ثابت قدمی اور حب الوطنی نے ہمیشہ ملک کو مشکلا ت سے نکالا، اپیل کرتا ہوں
اپنی تمام تر طاقت ملکی ترقی کیلئے وقف کر دیں۔انہوں نے کہا کہ آیئے اختلافات سے بالاتر ہو کر خوشحال اور پرامن پاکستان کیلئے کام کریں، مایوسی اور منفی سوچ کو ترک کر کے اتحاد، سچائی اور امید کو اپنائیں، ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جو ترقی یافتہ اور انصاف پر مبنی ہو، دعا ہے اللہ ہمیں عزت، عظمت اور سربلندی کی راہ پر چلائے۔خطاب کے اختتام پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر پریڈ کمانڈر اور آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کی تقریب مضبوط پاکستان کے ساتھ قومی یکجہتی،وقار کی جھلک پیش کر رہی ہے، یہاں موجود افواج پاکستان کے جوانان نے قومی جذبے کو تازہ کیا ہے، قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔ ایوان صدر میں یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ایوان صدر میں جاری پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے ، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ،وزرا ،ارکان اسمبلی ، سروسز چیفس ،غیرملکی سفرا ،اعلی سول اور فوجی حکام بھی شریک ہوئے ۔ یومِ پاکستان کی مرکزی پریڈ کے موقع پر ایف 16، جے ایف 17تھنڈر، جے 10 سی اور میراج طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ تینوں مسلح افواج کے دستے یوم پاکستان کی پریڈ کا حصہ تھے ۔ صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں آئے ، صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا ، صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔