قرآن پر عمل کیے بغیر کامیابی ممکن نہیں،قدسیہ ناموس

اسلام آباد(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد بھر میں 270 مقامات پر “تکمیل دورہ قرآن” کی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ ان تقریبات میں قرآن کے عملی پیغام کو اجاگر کیا گیا اور اسلامی نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے مختلف اجتماعات سے خطاب میں کہا کہ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جو زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلامی اصولوں کو اپنائے بغیر حقیقی کامیابی ممکن نہیں، اور جب تک ہمارا نظام اللہ کے احکامات کے مطابق نہیں ہوگا، ملک حقیقی فلاح و ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ جماعت اسلامی جیسی جماعت ہی اقتدار کی مستحق ہے، جو قرآن و سنت کے مطابق عوام کی رہنمائی کرے اور ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنائے۔ پی ڈبلیو زون کی ناظمہ سمیرا ظہور نے کہا کہ اسلامی نظام عدل و انصاف اور حقیقی خوشحالی کا ضامن ہے۔ ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ قرآن کو اپنی زندگی میں نافذ کرے اور اسلامی اصولوں کے مطابق ملک کے نظام کی اصلاح میں کردار ادا کرے۔

  غوری ٹاون کی ناظمہ عطیہ جمیل نے کہا کہ قرآن صرف ایک مقدس کتاب نہیں، بلکہ عملی رہنمائی فراہم کرنے والا دستور ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں میں اسلامی تعلیمات کو فروغ دیں تاکہ ایک مضبوط اور صالح معاشرہ تشکیل پاسکے۔  مارگلہ زون کہ ناظمہ خنسا محمود نے کہا کہ اسلامی طرزِ زندگی ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ جب تک ہم قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیوں کو نہیں ڈھالیں گے، ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔اجتماعات میں کوئز سیشنز بھی منعقد کیے گئے، جن میں کامیاب شرکا کو انعامات بھی دیے گئے