اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کے پارکس، گرین بیلٹس کو خوبصورت اور پرکشش بنانے کیلئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فاطمہ جناح پارک (ایف-9) اور دیگر پبلک پارکس کی تزئین و آرائش، لینڈ سکیپنگ اور ماحولیاتی بہتری کے جامع منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ فاطمہ جناح پارک کو مزید خوبصورت اور جدید بنایا جائے اور پارک کے تمام حصوں کی تزئین و آرائش کی جائیگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ رواں برس شجرکاری مہم کے تحت پارک میں مناسب جگہوں پر دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام مکمل کیا جائے۔ پارک میں روشنی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے لائٹس لگائی جائیں گی تاکہ شام کے اوقات میں بھی شہری پارکس میں واک اور خوبصورت پودوں کی خوشبو اور ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ممبر انوائرنمنٹ طلعت محمود نے سی ڈی اے کی نرسری کو دورہ کیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سی ڈی اے کی نرسری کو جدید خطوط پر نہ صرف مزید موثر بنایا جائے گابلکہ اسے ”گارڈینیا حب” میں تبدیل کیا جائے گا۔ جس میں ہر قسم کے پودے نہ صرف سستے داموں میسر ہوں گے بلکہ ایک ایپ کے ذریعے اس کو انتہائی کم نرخوں پر سرکاری اداروں کو فروخت کرنے کے علاوہ شہریوں کو بھی ایک جگہ خوبصورت اور دیدہ زیب پودے میسر ہوں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کی نرسری کو ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل کے طور پر ترقی دی جائے جس میں جدید کنٹرولڈ وینٹیلیٹڈ گرین ہائوسز، فلاور شاپس اور کیفے شامل ہونگے۔نرسری میں مختلف اقسام کے پودوں کی کاشت کے ساتھ ساتھ ہر موسم میں رنگا رنگ پھولوں کی نمائش کیلئے بھی جگہ مختص کی جائے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے موسم بہار شجرکاری مہم 2025 ء کے تحت فاطمہ جناح پارک اور دیگر تمام پارکس اور دیگر مقامات پر وسیع پیمانے پر شجرکاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں سفارتخانوں، سول سوسائٹی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ شہر کو مزید سرسبز و شاداب بنانے میں مدد مل سکے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کے اطراف گرین بیلٹس، میڈین سٹریپس اور کھلی جگہوں پر پھلدار، پھولدار اور سایہ دار درخت لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سکیپنگ کے ذریعے شہر کے قدرتی حسن کو مزید نکھارا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ تمام اقدامات اسلام آباد کو ایک سر سبز، پائیدار اور خوبصورت شہر بنانے کی جانب اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور پرُ آسائش ماحول میسر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے نرسری کو گارڈینیا حب میں تبدیل کرنا اور پارکس کی اپ گریڈیشن ہمارے وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد اسلام آباد کو پاکستان کا سب سے خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنانا ہے۔علاوہ ازیں
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی دارلحکومت اسلام آبادکو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید ٹریفک نظام اور کیش لیس معیشت کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل شہر بنانے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران اور تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پاکستان کا ماڈل شہر بنایا جائے گا جس میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹریفک نظام، کیش لیس معیشت کے نظام کے ذریعے شہریوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ کیاجائے گا۔ اجلاس میں شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس نظام میں ڈرون نگرانی، گوگل ڈیٹا کی مدد سے رش کا تجزیہ اور خودکار اسپیڈ کی مانیٹرنگ شامل ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک جام کے خاتمے کیلئے شہر کے 11اہم مقامات پر فوری اور بروقت اقدامات کی بدولت ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ دیگر مقامات پر جامع اسٹڈیز جاری ہیں ۔ واضح رہے شہر کو کیش لیس سسٹم کے نفاذ کیلئے بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں جیسا کہ تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل اور کیش لیس کی جائیں گی جس کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ کاروباری مراکز، ریستورانز اور دکانداروں کو ایف بی آر کے ساتھ ڈیجیٹل لنک کرنے پر مراعات دی دینے پر بھی غور کیا گیا۔ ابتدائی طور پر بلیو ایریا، فوڈ اسٹریٹ اور پارکنگ پلازہ میں کیش لیس نظام لاگو کیا جائے گا۔
صارفین ڈیجیٹل یا نقد ادائیگی میں سے کوئی بھی طریقہ اختیار کرسکیں گے ۔شہر میں مرحلہ وار مفت وائی فائی اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیاگیا۔ واضح رہے سی ڈی اے کا ون ونڈو سسٹم مکمل طور پر ڈیجیٹللائز ہوچکا ہے جہاں تمام ادائیگیاں آن لائن کی جاتی ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور کیش لیس نظام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کو جدید سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی معیار کے مطابق سی ڈی اے کو مکمل ڈیجیٹل ادارہ بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے یہ اقدامات ملک بھر کیلئے ایک مثال قائم کریں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کا عزم ہے کہ جلد از جلد شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔