اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) جسٹس( ر) شوکت عزیز صدیقی نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ صدر مملکت کو ایک ماہ کا نوٹس بھجوا دیا۔
شوکت عزیز صدیقی نے موقف اپنایا ہے کہ کچھ ناگزیر حالات کی وجہ سے اپنی ذمہ داریاں نہیں ادا کرسکتا ۔ یہ ذمہ داری ملنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، 3 ماہ کے دوران کارکنوں کو تیز ترین انصاف فراہم کرنے کی پوری کوشش کی، یہی وجہ ہے کہ این آئی آر سی میں زیر التوا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہوئی۔
جسٹس ریٹائرڈ شکت عزیز صدیقی کو 2 دسمبر 2024 کو 3 سال کے عرصہ کے لیے چیئرمین این آئی آر سی تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے 4 دسمبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ ایگریمنٹ منسوخی کا نوٹس بذریعہ سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز نوٹس بھجوایا گیا۔
واضح رہے کہ 2024 میں وفاقی کابینہ نے ان کی تین سال کی مدت کیلئے بطور چیئرمین این آئی آر سی منظوری دی تھی، شوکت عزیزصدیقی کو 2018میں بطور جج اسلام آباد ہائیکورٹ برطرف کر دیا گیا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے مارچ 2024 میں ان کی برطرفی کو کالعدم قرار دیا تھا۔