کشمیر کے لوگوں کو خاموش کرنے کے لئے روز سخت سے سخت قوانین لائے جا رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی


سری نگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا  ہے کہ  جموں و کشمیر کے لوگوں کو خاموش کرنے کے لئے روز سخت سے سخت قوانین لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری نگر میں جگہ جگہ سیکورٹی بنکر لگانے کے بعد اب سیکورٹی فورسز کو کمیونٹی ہالوں میں دھکیل دیا گیا ہے ۔ سری نگر میں کئی کمیونٹی ہالوں  پر سی آر پی ایف اہلکاروں کے قبضے  کے رد عمل میں محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ کیا ہے ۔

ان کاا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا: سری نگر کے گوشہ وکنار میں سیکورٹی بنکر لگانے کے بعد اب سی آر پی ایف کو کمیونٹی ہالوں میں دھکیلا گیا ہے جو یہاں کے لوگوں کی واحد پرائیویٹ جگہ ہے ۔ ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ہر روز کالے قوانین لائے جا رہے ہیں جس کا واحد مقصد لوگوں کو خاموش کرنا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے میئر جنید عظیم متو نے گذشتہ روز کہا کہ سری نگر میں کمیونٹی ہالز سی آر پی ایف کو دینے کے متعلق کارپویشن کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سری نگر میں تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں کو بہتر رہائشی سہولیات میسرہونی چاہئے لیکن کمیونٹی ہالز کو عوام کی سہولیات کے لئے ہی مخصوص رکھا جانا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے اور میں نے اس سلسلے میں صوبائی کشمنر کشمیر پی کے پولے کے ساتھ بات کی ہے ۔