چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات کے مختلف امتحانی مراکز کے دورے

راولپنڈی(صباح نیوز)چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2025 کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔دورہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران شفافیت کو برقرار رکھنے اورنقالی(تلبیس شخصی)کو روکنے کے لیے بورڈآف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن،راولپنڈی نے 2023 سے سٹوڈنٹ لائیو ویری فیکیشن سسٹم متعار ف کروایا۔ یہ سسٹم اب راولپنڈی ڈویژن کے تمام امتحانی مراکز میں مکمل طور پر نا فذ ہے۔ رئیل ٹائم تصدیق کے ذریعے ہم ا س بات کو یقینی بناتے ہیں کہ صرف حقیقی امیدوار ہی اپنے امتحانات میں شریک ہو سکیں گے غیر منصفانہ طرز عمل کو ختم کرتے ہوئے امتحانی عمل کی شفافیت بر قرار رکھیں گے۔یہ منصفانہ اور شفاف امتحانات کے انعقاد کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول غور غشتی، اٹک اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غور غشتی کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے CCTV فوٹیج اور کیمرے کی ریکارڈنگ کو چیک کیا۔ کیمرہ ریکارڈنگ میں نگران مرکز سہرش امتحانی SOPs کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گی۔ جس کو فوری طور پر امتحانی ڈیوٹی سے برطرف کر دیا گیا۔دورہ کے بعد گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین امیدواران نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جن میں انجلینا عظیم،رولنمبر 160188، امتحانی مرکز گورنمنٹ ایسوی ایٹ کالج فار ویمن،سٹیشن روڈ صدر،راولپنڈی جبکہ دو پرائیویٹ امیدوار رولنمبر 909133، سید سلیمان حسین شاہ اور رولنمبر 935797،   محمد شاہزیب، امتحانی مرکز گورنمنٹ ہائی سکول ڈلوال، چوآسیدن شاہ، چکوال شامل ہیں۔جن کے خلاف فوری طور پر کیس رجسٹر کر کے ڈسپلن برانچ،بورڈ آفس کو ارسال کر دیا گیا ہے۔