اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کا نفاذ ماہ صیام کا پیغام ہے،امیرالعظیم

لاہور (صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہا ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کا نفاذ ماہ رمضان کا پیغام ہے،روزہ برائیوں کے خلاف ایک ڈھال ہے۔ ایک طرف ہمارے روزے ہیں جہاں ہمیں سحری و افطاری میں اللہ کی بے شمار نعمتیں میسر ہیں دوسری طرف ہمارے فلسطینی بھائی ہیں جو ملبے کے ڈھیروں پر بیٹھے ہیں غذائی قلت کے باوجود روزے رکھ ررہے ہیں،شہادتیں پیش کررہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کررہے ہیں لیکن صیہونیوں کے سامنے جھکنے کو تیا ر نہیں ہیں

۔آج دنیا کے 57 مسلم ممالک کے ہوتے ہوئے اسرائیل مسلمانوں کے قبلہ اول پر قبضہ کرنے کے درپے ہے ، 17 رمضان المبارک کو بھی  جنگ بندی کے باوجود سرائیلی افواج نے نہتے فلسطینی روزے دار مردوں، عورتوں اور بچوں کو شہید کر دیا۔ جو لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جماعت اسلامی اعوان ٹاؤن کے زیر اہتمام گرینڈ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر سے رہنما جماعت اسلامی لاہور احمد جمیل راشد، امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور غربی سید علی ارتضیٰ حسنی، امیر زون 168 محمد شفیق ملک، امیدوار چیئرمین طیب صدیقی نے بھی خطاب کیا۔جبکہ افطار ڈنر میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔امیر العظیم نے کہا کہ دنیا کی واحد مسلم ایٹمی طاقت کے حاکم اپنی کرسیوں کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں لیکن ان کی یہ کوششیںرائیگاں جائیں گی ۔مقررین نے کہا کہ جس طرح ہم رمضان المبارک میں گناہوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیںہمیں سارا سال اسی طرح زندگی بسر کرنا چاہیے۔ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیئے۔ اپنے گناہو ں کی معافی مانگنی چاہئے ۔ گناہوں سے بچنا  چاہئے ، کسی سے زیادتی کرتے ہوئے، کسی کا حق غصب کرتے ہوئے یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اللہ ہمیں دیکھ رہا ہے۔ اگرہم روزے کا احترام نہیں کرتے ، اس کے تقاضے پورے نہیں کرتے تو اللہ تعالیٰ کو آپ کے بھوکے پیاسے رہنے سے کوئی غرض نہیں ۔کیونکہ روزہ مقصد ہمیں متقی اور پرہیز گار بنانا ہے۔