ریاض(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدارشید ترابی نے ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ ( وامی ) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر صالح بابیر سے ملاقات کی ہے ۔
ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ کے ہیڈ کواٹر میں ہونے والی ملاقات میں عبدارشید ترابی نے ڈاکٹر صالح بابیر کو سکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور کشمیر کی صورت حا ل،مقبوضہ کشمیر میں مودی کے اقدامات اور عزائم سے آگاہ کیا، عبدارشید ترابی نے کشمیر اور پاکستان اور دنیا بھر میں مصیبت ذدہ مسلمانوں کی مسلسل خدمات بالخصوص ذلزلہ ذدگان کی بحالی اور تعمیرنو پر وامی اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہارکیا کہ ان کی قیادت میں وامی شاندار خدمات کے تسلسل کو جاری رکھے گی ۔
ڈاکٹر صالح بابیر نے کہا کہ مسلمان امت واحدہ ہیں مشکلات میں کام آنا دینی فریضہ ہے ۔کشمیری بھائی ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں۔ دنیا کے تمام براعظموں میں چالیس مراکز کے ساتھ وامی فلاح وبہبود کی خدمات سرانجام دے رہی ہے جو جاری رکھیں گے مسلمانوں کی فلاح باہم خیر خواہی اور کتاب وسنت کے اتباع میں ہے ہمارا فلاح وبہبود کے حوالے سے تعاون جاری رہے گا ملاقات میں ان کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر قاسم محمد الغریبی بھی موجود رہے۔