کنو نیئر اے پی ایچ سی کی عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحاد المسلمین پربھارتی حکومت کی جانب سے پابندی عائد کرنے کی مذمت

 جنیوا:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنو نیئرغلام محمد صفی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں وکشمیر اتحاد المسلمین پارٹی کو بھارتی ہندتوا حکومت کی جانب سے پابندی لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پابندیاں یا دیگر جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ، جنیوا سے جاری بیان میںغلام محمد صفی نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں وکشمیر اتحاد المسلمین پر پابندی لگانا غیر قانونی،  غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام ہے ،ایسے اقدام نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی صریحا خلاف ورزی ہے بلکہ جموں وکشمیر کے عوام کی پر امن سیاسی جدوجہد کو دبانے کی بھی ایک مذموم کوشش ہے۔ اس پابندی سے کشمیر میں پہلے سے انسانی حقوق کی ابتر صورتحال مزید سنگین ہوجائیگی۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی جسکی سربراہی میر واعظ عمر فاروق کررہے ہیں سمیت جتنی بھی پارٹیوں پر پابندی عائد کی گئی ان کے ساتھ لاکھوں لوگوں کے مذہبی جذبات وابستہ ہیںاور یہ تنظیمیں ہمیشہ مذہبی سیاسی اور سماجی خدمات میں پیش پیش رہی ہیںاور یہ پر امن طور پر سیاسی حقوق کے حصول کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس واضح کرتی ہے کہ بھارت نے پہلے بھی کشمیر میں پر امن سیاسی جدوجہد کرنے والی کئی تنظیموں پر یہ سمجھ کر پابندی لگا دی کہ اس سے تحریک آزادی کشمیر ختم ہو جائیگی لیکن وقت نے ثابت کر دیا کہ ان پابندیوں سے تحریک آزادی کشمیر پر کوئی اثر نہیں ہوااور بھارتی ہندتوا حکومت کی یہ کوشش بھی کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔کنو نیئر غلام محمد صفی نے کہا کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے اور بھارت کی طرف سے پابندیاں ،قتل و غارت،پکڑ دھکڑ ،جائیدادوں کو سربمہر،زرائع ابلاغ پر قدغن اور انسانیت سوز مظالم ہمارے راہ کی دیوار نہیں بنیں گے،