اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کسی ملک کا آئین کے مطابق نہ چلنا سنگین جرم ہے۔جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جو بھی چیزیں ہو رہی ہیں وہ آئین کے خلاف ہیں، کل میں نے سینیٹ میں اپنی تقریر میں آئینی نکات اٹھائے
، سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین یا صدر کے جو الیکشن ہوئے یہ ایک لحاظ سے غیر آئینی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن شقوں کا حوالہ دیا گیا ہے یہ واضح ہے کہ ان شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ، یہ جو آئین کی خلاف ورزی کی گئی ، اس معاملے کو ہم سپریم کورٹ لے کر جا رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جب کسی طریقہ کار کے بغیر آئین میں تبدیلیاں کر دی جائیں تو آئین محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ جاتا ہے۔